مکان کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق، ایک زخمی
شانگلہ(بولونیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے 7 بچے ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے نتیجے میں 6 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ امدادی کارروائی کے دوران تمام بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا، تاہم 6 بچے جانبر نہ ہو سکے جبکہ ایک بچی کو معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ مکان کے مالک کی شناخت فضل داد کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں ناظرہ بی بی (عمر 14/15 سال)، سمیرا بی بی (عمر 13/14 سال)، رضوان (عمر 4/5 سال)، نایاب (عمر 7/8 سال)، حیا نور (عمر 4/5 سال) اور عمیرا (عمر 12/13 سال) شامل ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ اہلِ علاقہ نے غم و غصے اور شدید رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


