جعلی ڈی ایس پی پنجاب پولیس کے اصلی ایس ایچ او کے ہتھے چڑھ گیا

لاہور(بولونیوز)ایک جعلی ڈی ایس پی کی اصلی پولیس افسر کے ساتھ تکرار کی ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ ویڈیو حالیہ نہیں بلکہ کئی سال پرانی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ان دنوں انٹرنیٹ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں وردی پہنے ایک شخص کو ڈی ایس پی ظاہر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک تھانیدار اس سے بازپرس اور مبینہ گرفتاری کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔ ویڈیو میں جعلی ڈی ایس پی رینک لگائے شخص کو اصل پولیس سے بچنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے شروع کر دیے کہ ایک ایس ایچ او نے ڈی ایس پی کو دھکے دیے۔

بعدازاں لاہور پولیس نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص کوئی اصلی پولیس افسر نہیں بلکہ ایک جعلی ڈی ایس پی تھا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ سال 2021 کا ہے، جب اس شخص نے سڑک پر گاڑیاں روک کر ٹریفک جام کر رکھا تھا۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جعلی ڈی ایس پی پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی اور قانون شکنی میں ملوث پایا گیا، جس پر اصل ایس ایچ او نے قانون کے مطابق کارروائی کی۔ اس واقعے پر سال 2021 میں ہی مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

لاہور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پرانی ویڈیوز کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *