کورنگی نمبر 2 میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج، سڑک بلاک
کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 2 میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہ بلاک کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو گئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ کئی کئی گھنٹے کی بجلی بندش نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس میں بجلی نہ ہونے کے باعث بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ احتجاج کے دوران مشتعل شہریوں نے K-Electric کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
مقامی افراد کے مطابق احتجاج کے دوران پولیس موقع پر موجود نہیں تھی، جس پر شہریوں نے مزید غم و غصے کا اظہار کیا۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ماضی میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف اس نوعیت کے احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔


