پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیش گوئی، یکم محرم بدھ 17 جون کو ہونے کا امکان
اسلام آباد(بولونیوز)رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے اپنی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق یکم محرم الحرام بدھ 17 جون 2026ء کو ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ 15 جون کو غروبِ آفتاب کے وقت پاکستان کے تمام علاقوں میں چاند کی عمر 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جبکہ عام طور پر ہلال کی رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق سائنسی حسابات کی روشنی میں 15 جون کو محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث محرم کا آغاز 17 جون بروز بدھ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔


