خواجہ آصف کے لیسکو کے خلاف ٹوئٹ پر کارروائی، 2 لائن مین اور ایک لائن سپرنٹنڈنٹ معطل

لاہور(بولونیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے لیسکو کے خلاف سوشل میڈیا پر کی گئی شکایت کے بعد محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے دو لائن مین اور ایک لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ایکسئین پھول نگر ڈویژن کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین، لائن مین شوکت اور لائن مین فلک شیر کو معطل کیا گیا ہے۔ ایکسئین پھول نگر کا کہنا ہے کہ 200 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر جلنے کے بعد 100 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر نصب کیا جا رہا تھا، تاہم گاؤں کے لوگوں اور خواجہ آصف کے کوآرڈینیٹر نے لیسکو کے عملے کو روک دیا۔

ایکسئین کے مطابق انہوں نے پھول نگر کے علاقے چک 27 کا خود دورہ کیا، تاہم کسی بھی فرد کی جانب سے لیسکو عملے کو پیسے دینے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر شکایت کی تھی کہ ان کے ملازم کے گاؤں میں ٹرانسفارمر مبینہ طور پر 80 ہزار روپے رشوت لینے کے بعد تبدیل کیا گیا۔ لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک نجی شخص شبیر نے گاؤں سے پیسے اکٹھے کیے، جس کا لیسکو سے کوئی تعلق نہیں۔

ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے ٹوئٹ پر اعلیٰ سطح پر انکوائری جاری ہے، جبکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو کے نوٹس پر ڈائریکٹر سرویلینس اینڈ انسپکشن کی ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *