خانپور ڈیم میں دوست کو بچاتے ہوئے دو نوجوان جاں بحق، ایک کی حالت تشویشناک
خانپور(بولونیوز)خانپور ڈیم میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دوست کو بچانے کی کوشش میں دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ خانپور ڈیم میں پیش آیا، جہاں تین دوست نہانے کے لیے پانی میں اترے۔ اس دوران ایک نوجوان گہرے پانی میں چلا گیا، جسے بچانے کے لیے اس کے دو دوست بھی پانی میں کود پڑے۔ تاہم پانی کے تیز بہاؤ اور زیادہ گہرائی کے باعث تینوں ڈوب گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوانوں کی لاشیں پانی سے نکال لیں، جبکہ تیسرے دوست کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر خانپور اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب شیخوپورہ میں نہر اپر چناب نہر سے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش چار روز بعد برآمد کر لی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق 18 سالہ تصور علی نہاتے ہوئے نہر میں ڈوب گیا تھا۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گرمی کے موسم میں آبی ذخائر اور نہروں میں نہاتے وقت انتہائی احتیاط برتیں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔


