سنگین جرائم پر فوری کارروائی یقینی بنانے کا آئی جی سندھ کا حکم
کراچی(بولونیوز)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس افسران کو قتل، بھتہ خوری، اغوا، زیادتی اور کاروکاری جیسے سنگین جرائم کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ سنگین جرائم کے مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری اور کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے اور ایسے تمام مقدمات کی خود سینئر افسران نگرانی کریں۔
آئی جی سندھ نے مزید ہدایت دی کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے پولیس سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر آگاہی پروگرام بھی ترتیب دے۔


