تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم پر غور کی یقین دہانی
اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے صدر کاشف چوہدری کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں آئندہ بجٹ، تاجروں کے مسائل اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران تاجروں کی جانب سے “آسان ٹیکس اسکیم” کے مطالبے پر وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ کی تیاری سے قبل تاجروں سے مشاورت کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے تاکہ ایسا متوازن اور باہمی تعاون پر مبنی نظام بنایا جا سکے جو معیشت اور کاروبار دونوں کے لیے فائدہ مند ہو۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک میں کاروبار دوست ماحول کے قیام اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفد کے صدر کاشف چوہدری نے ریٹیل اور ہول سیل سیکٹرز کے لیے مختلف ریگولیٹری تجاویز پر مشتمل ایک جامع پلان بھی پیش کیا، جس کا بجٹ سازی کے دوران باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔


