سی ویو پر واقع رہائشی پروجیکٹ کی انتظامیہ کو ہنگامی خط ، رہائشیوں اورکرایہ داروں کا ڈیٹا طلب

کراچی(بولونیوز)ڈی آئی جی ساؤتھ نے سی ویو پر واقع رہائشی پروجیکٹ کی انتظامیہ کو ہنگامی خط ارسال کرتے ہوئے رہائشیوں اورکرایہ داروں کا ڈیٹا طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر سخت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کراچی پولیس نے ساحلی پٹی پر واقع حساس اور اہم عمارات کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کی جانب سے سی ویو پر واقع ایک بڑے رہائشی پروجیکٹ کی انتظامیہ کو ایک باقاعدہ اور ہنگامی خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات اور ڈیٹا کی فراہمی کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے خط میں واضح کیا ہے کہ مذکورہ رہائشی پروجیکٹ میں انتہائی اہم شخصیات ، ملکی اور غیر ملکی باشندے کثیر تعداد میں رہائش پذیر ہیں۔ ان تمام رہائشیوں کی جان و مال کی حفاظت اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانا مقامی پولیس کے لیے نہایت اہم اور اولین ترجیح ہے۔

ارسال کیے گئے خط کے متن کے مطابق، حالیہ عرصے میں اس رہائشی پروجیکٹ میں ڈانس پارٹیوں کے انعقاد، منشیات کے استعمال اور دیگر سماجی برائیوں سے متعلق سنگین رپورٹس اور شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے پروجیکٹ انتظامیہ کو سخت تاکید کی ہے کہ وہ ایسی تمام غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے فوری طور پر غیر معمولی اور ہنگامی اقدامات کریں۔

پولیس کی جانب سے انتظامیہ کو پروجیکٹ کے تمام آباد اور خالی فلیٹس سمیت مستقل رہائشیوں اور تمام کرایہ داروں کا بائیو ڈیٹا مقامی پولیس اسٹیشن کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔خط میں عمارت میں کام کرنے والے نجی ملازمین اور وہاں تعینات نجی سیکیورٹی گارڈز کی تصدیق شدہ تفصیلات بھی مانگی گئی ہے۔

خط میں انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ان تمام معلومات کی تصدیق کے لیے مقامی پولیس اسٹیشن کے عملے سے بھرپور تعاون کریں۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے خط میں ایک اور اہم ترین سیکیورٹی گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروجیکٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع، نجی تقریب یا پارٹی کے انعقاد سے پہلے مقامی پولیس کو لازمی طور پر پیشگی اطلاع دی جائے اور اجازت حاصل کی جائے، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *