کیا ٹرمپ اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت کریں گے؟
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہی بیٹے کی شادی میں شرکت کریں گے یا نہیں اس حوالے سے انہوں نے خود بتادیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے شادیاں اٹینڈ کرنا کبھی بھی اتنا آسان نہیں رہا، لیکن اس بار معاملہ ان کے اپنے بڑے بیٹے کی شادی کا ہے جس میں ان کی شرکت تاحال مشکوک نظر آتی ہے۔
گزشتہ روز اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ وہ شاید اپنے بڑے بیٹے، ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شریک نہ ہو سکیں۔ ذرائع کے مطابق یہ شادی آئندہ ‘میموریل ڈے’ کے اختتامِ ہفتہ پر بہاماس میں ہونے جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے انتہائی بے دلی سے صحافیوں کو بتایا کہ ڈونلڈ جونیئر تو چاہتے ہیں کہ میں وہاں جاؤں، لیکن یہ ایک بہت ہی مختصر اور نجی تقریب ہو گی، میں پھر بھی وہاں پہنچنے کی کوشش کروں گا۔
جب صدر سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے اپنی بے پناہ مصروفیات، خاص طور پر ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کا بہانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے بیٹے سے کہا ہے کہ دیکھو، یہ وقت میرے لیے بالکل ٹھیک نہیں ہے، میرے پاس ایران کا مسئلہ اور دیگر بہت سے معاملات پینڈنگ پڑے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری اس شدید ترین تناؤ کے باوجود صدر ٹرمپ کو میامی میں الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپئن شپ دیکھنے، فلوریڈا میں پی جی اے ٹور چیمپئن شپ میں شرکت کرنے اور اپنے گالف کلب میں گالف کھیلنے سے کوئی نہیں روک سکا۔
48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر صدر کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔ ان کی پہلی شادی 2005 میں فیشن ماڈل وینیسا ہیڈن سے ہوئی تھی جس سے ان کے پانچ بچے ہیں، تاہم وہ شادی طویل نہ چل سکی۔
اس کے بعد 2020 میں ان کی منگنی کمبرلی گلفائل سے ہوئی لیکن 2024 میں وہ رشتہ بھی ختم ہو گیا اور کمبرلی اب یونان میں امریکا کی سفیر ہیں۔ اب ڈونلڈ جونیئر کی نئی منگیتر 39 سالہ بپٹینا اینڈرسن ہیں، جو فلوریڈا کے ایک نامور بینکاری خاندان سے تعلق رکھنے والی ماڈل اور سوشلائٹ ہیں۔


