سابق را سربراہ اے ایس دلت کا پاکستان سے متعلق بھارتی پالیسی پر سخت مؤقف، مذاکرات کو واحد حل قرار
نئی دہلی(بولونیوز)بھارت کی خفیہ ایجنسی را (Research and Analysis Wing) کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی فوجی اور سفارتی حکمتِ عملی مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگی حکمت عملی اور اسے عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں، اور نہ ہی ان پالیسیوں سے بھارت کو کوئی عملی فائدہ حاصل ہوا۔
سابق را چیف کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اس لیے خطے میں دیرپا امن کے لیے واحد قابلِ عمل راستہ مذاکرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بار بار کی کشیدگی اور سخت گیر پالیسیوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہوئے ہیں، جس کا نقصان پورے جنوبی ایشیا کو پہنچ رہا ہے۔
اے ایس دلت سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے دور میں را کے سربراہ رہ چکے ہیں اور کشمیر امور میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
ان کے ان خیالات پر بھارت میں مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ حلقے اسے حقیقت پسندانہ مؤقف قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض اسے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔


