میٹرک امتحانات میں نقل مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز)کراچی میں میٹرک بورڈ کے امتحانات کے دوران نقل مافیا کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی آئی اے پولیس کراچی کے مطابق گرفتار ملزمان کو ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور گلشن کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں مبین خان، اسامہ، بلال اور عبدالرزاق شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم مبین خان کے مختلف آن لائن گروپس میں ہزاروں طلبہ شامل تھے، جبکہ ملزمان امتحانی پرچے لیک کرنے کے بدلے طلبہ سے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔
تحقیقات کے مطابق یہ گروہ ایک رات پہلے پرچہ فراہم کرنے کی گارنٹی دے کر لاکھوں روپے وصول کرتا تھا، اور رقم کی منتقلی مختلف آن لائن بینکنگ ذرائع کے ذریعے کی جاتی تھی۔
مزید یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے امتحانی مراکز کے بجائے طلبہ کو گھروں پر پرچے حل کروانے کا نیا طریقہ اختیار کر رکھا تھا، جبکہ بعض مقامات پر خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے بھی یہ سرگرمیاں جاری تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


