گٹر کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق
کراچی(بولونیوز)کراچی میں گٹرکی صفائی کےدوران افسوسناک واقعہ پیش آیا،جہاں دم گھٹنےسےتین افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیکٹر 36 میں گٹر کی صفائی کے دوران ایک شخص کی حالت اچانک بگڑ گئی۔ اسے بچانے کے لیے مزید دو افراد گٹر میں اترے، تاہم وہاں موجود زہریلی گیس کے باعث تینوں افراد بے ہوش ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور تینوں افراد کو گٹر سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دو افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ تیسرا شخص اسپتال پہنچنے کے بعد جانبر نہ ہو سکا۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، جبکہ لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ ریسکیو حکام اور متعلقہ ادارے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔


