کھجور کے ڈبوں میں چھپا کر ایرانی کرنسی اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام، ایک ملزم گرفتار
کوئٹہ(بولونیوز) ریلوے اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس کے ذریعے بھاری مقدار میں ایرانی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر ریلوے اسٹیشن پر اسنیپ چیکنگ کی گئی، جہاں لاہور جانے والے ایک مشتبہ مسافر کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے سامان سے بڑی مقدار میں ایرانی ریال برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق ملزم نے اسمگلنگ کے لیے کرنسی کو انتہائی مہارت سے کھجور کے ڈبوں میں چھپا رکھا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ سکے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق برآمد شدہ ایرانی کرنسی کی مالیت عالمی مارکیٹ میں تقریباً پونے دو ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ کرنسی کوئٹہ سے لاہور اسمگل کی جا رہی تھی۔


