لاوارث بچی سےمبینہ زیادتی کی خبروں پرایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کا فوری ایکشن، اسپتال کا دورہ

کراچی(بولونیوز)لاوارث حالت میں ملنے والی کمسن بچی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش مبینہ زیادتی کی خبروں پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کا دورہ کیا۔

ایس ایس پی نے اسپتال پہنچ کر متاثرہ بچی کی عیادت کی اور معالج ڈاکٹروں سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس دوران بچی کی طبی حالت، ابتدائی طبی معائنے اور علاج سے متعلق مکمل معلومات حاصل کی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح طبی معائنے کے دوران بچی سے مبینہ زیادتی کی شکایت سامنے آئی ہے، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حتمی رائے اور تصدیق میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ہی کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق اسپتال انتظامیہ سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور حتمی میڈیکل رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ہی مکمل قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال ڈاکٹروں کی جانب سے حتمی رائے محفوظ رکھی گئی ہے جبکہ تمام فیصلے بلڈ رپورٹس اور مکمل طبی معائنے کے بعد کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں بچیاں بوٹ بیسن پولیس کو لاوارث حالت میں ملی تھیں، تاہم تاحال ان کے ورثاء کی جانب سے کوئی رابطہ سامنے نہیں آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *