بوٹ بیسن میں لاوارث ملی دو بچیوں سے متعلق افسوسناک واقعہ، پولیس کی تحقیقات جاری

کراچی(بولونیوز)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بوٹ بیسن تھانے کی حدود سے مبینہ طور پر لاوارث حالت میں ملنے والی دو بچیوں سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جنوبی سے واقعے کی جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے دونوں بچیوں کو ہر ممکن قانونی تحفظ اور فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ایس ایس پی جنوبی نے ابتدائی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ رات دونوں بچیاں شیریں جناح کالونی بس اسٹاپ سے لاوارث حالت میں پولیس کو ملیں، جنہیں فوری طور پر بوٹ بیسن تھانے منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے دوران بچیوں نے بتایا کہ وہ صادق آباد سے کراچی آئی تھیں۔مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھانے میں موجودگی کے دوران ایک بچی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جسے فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی جنوبی کے مطابق طبی معائنے کے دوران آج صبح ایک بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے جبکہ تاحال کسی ورثاء نے بچیوں کی گمشدگی سے متعلق پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *