انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026 کا نفاذ، ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ جاری

اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026 کے نفاذ کے بعد زرعی ترقیاتی بینک کی ریکوری نوٹس کے خلاف دائر پٹیشن پر اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم امتناع ختم کر دیا ہے۔

عدالت نے زرعی ترقیاتی بینک کی رٹ پٹیشن کو قانوناً ختم (Abate) قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس نوعیت کی درخواستیں خود بخود غیر مؤثر ہو جاتی ہیں۔

فیصلے کے مطابق ٹیکس ریکوری نوٹس پر جاری عبوری حکم امتناع بھی واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اربوں روپے کی ٹیکس ریکوری کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نئے قانون کی واضح شقوں کے بعد اس کیس پر مزید سماعت کا اختیار عدالت کے پاس باقی نہیں رہا، جبکہ زرعی ترقیاتی بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانون کے مطابق کسی متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 17 مارچ 2026 کو جاری کیا گیا عبوری حکم نامہ بھی عدالت نے واپس لے لیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے کیس کی پیروی حافظ احسان کھوکھر نے کی، جبکہ ترمیمی ایکٹ کے نفاذ کے بعد حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔

یہ فیصلہ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے جاری کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *