ایچ آئی وی کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، 618 نئے مریض رپورٹ
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے، جہاں سرکاری رپورٹ کے مطابق مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق سال 2025 کے دوران اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے 498 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ جنوری 2025 سے مارچ 2026 کے عرصے میں مجموعی طور پر 618 نئے ایچ آئی وی کیسز سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہر ماہ اوسطاً 41 سے زائد افراد ایچ آئی وی کا شکار ہو رہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد میں نوجوان مردوں کی تعداد نمایاں ہے، جہاں 64 فیصد کیسز بالغ مردوں کے ہیں۔
حکام کے مطابق رپورٹ ہونے والے 618 کیسز میں 397 مرد، 106 خواتین، 93 خواجہ سرا اور 22 بچے شامل ہیں۔ ماہرین صحت نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے احتیاطی تدابیر، بروقت تشخیص اور آگاہی مہمات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔


