بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست، فی یونٹ 27 پیسے اضافے کا امکان
اسلام آباد(بولونیوز)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے پاکستان میں بجلی کے صارفین کے لیے فی یونٹ 27 پیسے اضافے کی درخواست دائر کر دی ہے، جس کے بعد بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق مارچ کے دوران مجموعی طور پر 8 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو 8 ارب 64 کروڑ 40 لاکھ یونٹس فراہم کیے گئے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مارچ کے لیے فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا تھا، تاہم اصل لاگت بڑھ کر 8 روپے 26 پیسے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق بجلی کی پیداوار میں پانی سے 23.55 فیصد، مقامی کوئلے سے 16.76 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.80 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 5.64 فیصد حصہ لیا گیا۔
اسی طرح فرنس آئل سے 1.02 فیصد، مقامی گیس سے 11.34 فیصد اور جوہری ایندھن سے 21.95 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ قابلِ تجدید ذرائع میں ہوا سے 3.46 فیصد اور سولر سے 1.18 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔
یہ درخواست مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے، جس پر 28 اپریل کو سماعت کی جائے گی۔


