افغان فضائی حدود پر پرواز سے متعلق دعویٰ، افغانستان کا احتجاج جاری
راولپنڈی(بولونیوز)جنرل عاصم منیر کی جانب سے افغان فضائی حدود پر پرواز کے معاملے پر خطے میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ بعض حلقوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ پرواز جان بوجھ کر کی گئی تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ پاکستان کو افغان فضائی حدود تک رسائی حاصل ہے۔
ان دعوؤں کے بعد افغانستان کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور افغان حکام کی طرف سے اس اقدام پر احتجاج اور بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ان کی خودمختاری کے خلاف ہے، جس پر وہ تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی حکام کی طرف سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی خبروں کو سرکاری مؤقف سامنے آنے تک دعوؤں کے طور پر ہی دیکھا جانا چاہیے۔
سیاسی و سفارتی مبصرین کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات پہلے ہی حساس مرحلے میں ہیں، ایسے میں اس نوعیت کے معاملات خطے کی صورتحال پر مزید اثرانداز ہو سکتے ہیں۔


