پاکستان میں ایران-امریکا مذاکرات: اہم نکات سامنے آ گئے
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان میں جاری ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے متعلق اہم نکات سامنے آئے ہیں، جن میں دونوں فریقین کے درمیان بڑے اختلافات برقرار ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایران کی بنیادی شرط یہ ہے کہ باضابطہ مذاکرات اسی صورت میں ہوں گے جب واشنگٹن لبنان میں جنگ بندی اور ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی ضمانت دے۔ تاہم امریکا اور اسرائیل لبنان میں جنگ بندی کو مذاکرات کا حصہ بنانے پر آمادہ نہیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران اپنے منجمد اثاثوں کی بحالی اور پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ امریکا محدود رعایت دینے کے بدلے ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام میں بڑی پابندیاں اور کٹوتیاں چاہتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول اور ٹرانزٹ فیس کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم امریکا اس راستے کو ہر قسم کی فیس اور پابندی سے آزاد رکھنے کا مؤقف رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کے میزائل پروگرام میں نمایاں کمی چاہتے ہیں، جسے تہران نے مکمل طور پر ناقابلِ گفت و شنید قرار دیا ہے۔
اسی طرح ایران خطے سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کے مطابق امن معاہدہ تک فوجی موجودگی برقرار رہے گی، بصورت دیگر کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر مذاکرات میں فریقین کے درمیان بنیادی اختلافات برقرار ہیں اور کسی بڑی پیش رفت کے لیے مزید سفارتی کوششوں کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔


