نجی میڈیکل کالج کی طالبہ کی خودکشی، ہراسانی کا الزام

میرپورخاص(بولونیوز)محمدن میڈیکل کالج میں زیرِ تعلیم تیسرے سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے اور تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق فہمیدہ لغاری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

طالبہ کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ فہمیدہ کو کالج کے ایک استاد کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسی دباؤ نے طالبہ کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ ورثاء کے بیان کی روشنی میں متعلقہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ دوسری جانب کالج انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

شہری حلقوں اور طلبہ تنظیموں نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *