اداکارہ زیبا شہناز کے دل کو چھو لینے والے انکشافات، زندگی کا سب سے بڑا دکھ بیان کر دیا
کراچی(بولونیوز) پاکستان کی نامور اداکارہ زیبا شہناز نے اپنی زندگی سے جڑی ایسی تلخ حقیقتیں بیان کر دی ہیں جنہوں نے مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے۔ ایک نجی گفتگو میں اداکارہ نے کہا کہ آج انہیں افسوس ہوتا ہے کہ کاش وہ اداکارہ نہ بنتیں۔
زیبا شہناز کے مطابق ان کی زندگی میں صرف ایک ہی موقع ایسا آیا جب انہیں اداکارہ ہونے پر فخر اور خوشی محسوس ہوئی، جبکہ باقی زندگی اس فیصلے پر دکھ ہی رہا۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد ان کے اداکاری کے شعبے میں آنے پر ہمیشہ ناخوش رہے، جبکہ بھائیوں نے بھی کبھی فخر سے یہ نہیں کہا کہ وہ زیبا شہناز کے بھائی ہیں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان کے ماموں نے ان کی والدہ کو طعنہ دیا کہ “مبارک ہو، بیٹی کی کمائی کھاؤ، وہ اداکارہ ہے اور بہت کماتی ہے۔” اس واقعے کے بعد زیبا شہناز نے ماموں سے ہمیشہ کے لیے تعلق ختم کر لیا اور نہ کبھی ان کے گھر خوشی یا غمی میں گئیں اور نہ ہی دوبارہ ملاقات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک لمحے نے سکون دیا جب ان کی والدہ کے انتقال پر مدینہ منورہ اور خانہ کعبہ سے لوگوں کے پیغامات موصول ہوئے کہ ان کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن مجید اور سورۃ یٰسین پڑھی گئی۔ زیبا شہناز کے مطابق یہی وہ واحد لمحہ تھا جس نے ان کے دل کو حقیقی خوشی دی۔
انہوں نے بتایا کہ جب انہیں تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا تو وہ بہت روئیں، کیونکہ اس وقت ان کے والدین اس دنیا میں موجود نہیں تھے۔ اداکارہ نے کہا، “کاش میرے ماں باپ زندہ ہوتے تو جان لیتے کہ ان کی بیٹی نے کوئی غلط کام نہیں کیا بلکہ پاکستان کی پہچان بنی۔”
زیبا شہناز نے اس بات کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا دکھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہرت، اعزازات اور کامیابی کے باوجود والدین کی ناراضی اور عدم موجودگی کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکا۔ ان کے یہ جذباتی الفاظ سوشل میڈیا پر بھی خاصے زیرِ بحث ہیں اور مداح ان کے حوصلے اور سچائی کو سراہ رہے ہیں۔


