عدالت نے شہری کی درخواست نمٹا دی، ٹریفک پولیس کو ای چالان میں احتیاط کی ہدایت
کراچی(بولونیوز)مقامی عدالت نے شہری کی جانب سے غلط ای چالان کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی اور ٹریفک پولیس کو ای چالان کے نظام میں احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں ٹریفک پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
درخواست گزار شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ 27 فروری کو صدر کے علاقے میں غلط پارکنگ کے الزام میں 10 ہزار روپے کا ای چالان جاری کیا گیا، حالانکہ گاڑی صرف ایک منٹ سے بھی کم وقت کے لیے پک اینڈ ڈراپ کے لیے روکی گئی تھی۔
شہری کا کہنا تھا کہ جس مقام پر چالان کیا گیا وہاں غیر قانونی موٹر سائیکلیں بھی کھڑی ہوتی ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس تجاوزات کے خاتمے کے بجائے مخصوص شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
دوران سماعت ٹریفک پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریویو کمیٹی نے شہری کی شکایت تسلیم کرتے ہوئے ای چالان منسوخ کر دیا ہے اور معاملے کا ازسرنو جائزہ لیا گیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ کمیٹی نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے ٹریفک پولیس کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی اور ای چالان سسٹم میں احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی۔


