گلشنِ اقبال میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری، ادارے خاموش
کراچی(بولونیوز)گلشنِ اقبال میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ رہائشی پلاٹس پر بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل طرز کی کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں، جس پر علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تنگ گلی میں واقع پلاٹ پر بغیر مناسب سیٹ بیک اور منظور شدہ نقشے کے بلند عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی تعمیرات نہ صرف علاقے کے انفراسٹرکچر پر اضافی بوجھ ڈالتی ہیں بلکہ آگ، زلزلے اور ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرات کا سبب بن سکتی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر اور دیگر ذمہ دار حکام اس غیر قانونی عمل کی مبینہ طور پر سرپرستی کر رہے ہیں۔ رہائشیوں کے مطابق متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی ہو اور علاقے میں بلڈنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔


