پاکستان میں اہم سفارتی سرگرمیاں، امریکی اور ایرانی اعلیٰ حکام آج اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آباد(بولونیوز)آج اہم سفارتی پیش رفت متوقع ہے، جہاں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی آج پاکستان پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ہمراہ سٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر بھی ایرانی وفد سے مذاکرات کے لیے پاکستان آئیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی وفد کی معاونت کے لیے شامل 23 ارکان پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جن میں سکیورٹی ماہرین اور دیگر ٹیم ممبران شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آج رات گئے اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی مذاکراتی ٹیم اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق مذاکراتی ٹیم میں جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر شامل ہوں گے، جو ہفتے کی صبح اسلام آباد میں بات چیت کریں گے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کے لیے اسلام آباد آئے گا، جس سے خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *