ٹی ٹی پی کے نائب کمانڈر ذاھد قطیبہ دریائے کابل میں ڈوب کر ہلاک، تین ساتھی بھی جاں بحق
مردان/چارسدہ(بولونیوز)ضلع مردان کے علاقے شنکر سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کمانڈر خارجی عبدالحمید حماسی کے قریبی دوست اور گروپ کے نائب کمانڈر ذاھد عرف قطیبہ ولد شریف علاقے تھانہ جبر، چارسدہ ملاکنڈ اور باجوڑ کی باونڈری پر دریائے کابل کو ساتھیوں کے ہمراہ عبور کرتے ہوئے شدید لہروں میں بہہ گئے اور 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔
واقعے کے بعد کمانڈر ذاھد عرف قطیبہ کی لاش دریائے کابل سے برآمد کر کے پولیس نے تحویل میں لے لی ہے، جبکہ باقی ہلاک شدگان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ شدید دھاروں اور خطرناک پانی کی وجہ سے پیش آیا، اور علاقے میں سرچ آپریشنز کے دوران مزید لاشوں کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ گروپ علاقے میں سرگرم تھا اور اس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے مزید حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے اور ممکنہ دیگر خطرات کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ فورسز کو متحرک کر دیا ہے۔


