تجاوزات کے خاتمے کے باوجود شہری مشکلات کا شکار، آپریشنز محض نمائشی ثابت
کراچی(بولونیوز)کراچی کے ضلع ملیر سمیت مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کیے جانے والے آپریشنز شہریوں کے لیے ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ کمشنر کمشنر کراچی اور میئر میئر کراچی کے واضح احکامات کے باوجود تجاوزات کا مکمل خاتمہ ممکن نہ ہو سکا، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ، بشمول ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز، وقتاً فوقتاً تجاوزات کے خلاف آپریشن تو کرتے ہیں، مگر یہ کارروائیاں عارضی اثر رکھتی ہیں۔ جیسے ہی سرکاری ٹیمیں واپس جاتی ہیں، تجاوزات مافیا دوبارہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گلیوں پر قبضہ جما لیتا ہے۔
شہر کی اہم شاہراہیں اور اندرونی سڑکیں ٹھیلوں اور پتھاروں سے بھر چکی ہیں، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی راستہ دشوار ہو گیا ہے۔ سب سے تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ ایمبولینسز اور مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں شدید رکاوٹیں درپیش ہیں، جو کسی بڑے انسانی المیے کا سبب بن سکتی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات مافیا اتنی مضبوط ہو گئی ہے کہ وہ باآسانی سرکاری کارروائیوں کو ناکام بنا دیتا ہے، جبکہ بعض حلقوں کی خاموشی اور مبینہ ملی بھگت بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
عوامی حلقوں نے کمشنر کراچی اور میئر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے نمائشی کارروائیوں کے بجائے مستقل اور سخت اقدامات یقینی بنائیں تاکہ شہر کو تجاوزات سے پاک کر کے شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


