وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا دورہ
کراچی(بولونیوز) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نجمی عالم، ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی، ڈی جی کے ڈی اے، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر بلدیات نے ملیر ہالٹ، ملیر چھائونی روڈ، یونیورسٹی روڈ، کشمیر روڈ، طارق روڈ اور جناح ایوینیو سمیت اہم مقامات کا دورہ کیا، جہاں سڑکیں دھنس جانے کے باعث گاڑیاں پھنسنے کے واقعات کے نوٹس لیے گئے۔
دورے کے دوران وزیر بلدیات کو جناح ایوینیو ملیر ہالٹ روڈ پر سڑک کی بحالی کے کام اور ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سید ناصر حسین شاہ نے طارق روڈ پر دھنسنے والی سڑک کے مرمتی کام کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ مرمتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ شہر میں جاری تمام ترقیاتی اور مرمتی کام کی رفتار تیز کی جائے اور معیار و شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی، سست روی یا تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔


