سندھ بار کونسل کا انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ، امیدوار سلیمان سروری کا احتجاج
حیدرآباد(بولونیوز)حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں نائب صدر کے امیدوار سلیمان سروری ایڈوکیٹ نے جمعہ کے روز اپنی ٹیم کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ بار کونسل کے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی۔ ان کے ہمراہ سینئر ایڈوکیٹ بلال احمد راجپوت، ذوالفقار علی چانڈیو، شیراز عباسی اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔
سلیمان سروری نے کہا کہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، لاڑکانہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور تعلقہ بار ایسوسی ایشن (سہیون) کے سالانہ انتخابات برائے 2026 کی ووٹنگ 28 مارچ کو شیڈول تھی، تاہم سندھ بار کونسل نے اچانک اسے تا حکم ثانی ملتوی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نا قابل فہم اور بلا جواز ہے، کیونکہ ووٹنگ کی تمام تر تیاریاں مکمل تھیں اور امیدوار و ووٹر دونوں پُر جوش تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عدالتی تعطیل کی وجہ سے مسئلہ تھا تو ووٹنگ کی تاریخ میں چند دن کا ردوبدل کر کے انتخابات مکمل کیے جا سکتے تھے۔ سندھ بار کونسل کا یہ اقدام نہ صرف وکلاء کے مینڈیٹ کی توہین ہے بلکہ جمہوریت کے اصولوں کے بھی خلاف ہے۔
سلیمان سروری نے تمام امیدواران کو دعوت دی کہ وہ اس ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد ہو کر احتجاج میں شامل ہوں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے میں انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج کے تمام قانونی ذرائع استعمال کریں گے اور ہر فورم پر جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ وکلاء برادری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ امیدوار کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ صرف ووٹ کے ذریعے ہو سکے۔


