عراق کی سمندری حدود میں 2 غیر ملکی آئل ٹینکرز پر حملہ، عملے کا ایک رکن ہلاک

عراق(بولونیوز)سمندری حدود میں دو غیر ملکی آئل ٹینکرز پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک غیر ملکی رکن ہلاک ہوگیا۔عراقی حکام کے مطابق بارود سے بھری کشتیوں نے دونوں آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک غیر ملکی عملے کا رکن جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جبکہ دونوں ٹینکرز پر سوار 24 افراد پر مشتمل باقی عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ادھر عمان کی سلالہ بندرگاہ پر ایرانی حملے کے نتیجے میں تیل کے ذخیرے میں آگ لگنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ایران نے عمان کی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمان میں تیل کی تنصیب پر حملہ علاقائی کشیدگی بڑھانے کی سازش ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق بعض اوقات امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اشتعال انگیز اقدامات کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ منگل کے روز بھی آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تین تجارتی بحری جہازوں پر حملے کیے گئے تھے، جن میں تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہاز شامل تھے۔

ان حملوں میں پاسدارانِ انقلاب نے تھائی پرچم بردار جہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی بحری تجارتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *