بلاول بھٹو زرداری سے ازبکستان کے نووئی ریجن کے گورنر کی ملاقات
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ازبکستان کے نووئی ریجن کے گورنر نورمت تورسونوف نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نووئی ریجن کے ڈپٹی گورنر البیک غفاروف، پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر توختائیف اور سیکنڈ سیکرٹری روشن جومانوف بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران معدنیات اور توانائی کے منصوبوں میں مشترکہ شراکت داری کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وسطی ایشیا کو پاکستان سے جوڑنے والی تجارتی راہداری خطے کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
ازبکستان کے گورنر نورمت تورسونوف نے پاکستان کو دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کے مواقع بڑھانے سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔


