صدر زرداری کا شاؤشان میں ماؤ زے تُنگ کے مجسمے پر گلدستہ، خراجِ عقیدت پیش

شاؤشان(بولونیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے انقلابی رہنما ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا اور سٹیچو اسکوائر میں ان کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا استقبال سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور شاؤشان ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ژانگ شی ہوئی نے کیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت کو ماؤ زے تُنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان عوامل سے آگاہ کیا گیا جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر کو بتایا گیا کہ اس نوعیت کے یادگاری مقامات تاریخی ورثے کے تحفظ اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے میں نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے میوزیم میں موجود تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر کا بھی مشاہدہ کیا۔
صدرِ مملکت نے ماؤ زے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ جدید چین کی تشکیل میں مددگار عوامل کو سمجھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے اور قومی ترقی میں تاریخی شعور کو فروغ دیتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *