مختلف علاقوں میں ٹھیلے پتھاروں سے مبینہ بھتہ وصولی، گرین بیلٹس بھی ٹھیکوں پر دینے کا انکشاف

کراچی(بولونیوز)کورنگی کے مختلف علاقوں میں ٹھیلے پتھاروں سے مبینہ طور پر روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصولی کا سلسلہ جاری ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کورنگی ٹاؤن میں سڑکوں، چوراہوں اور کراسنگز پر کاروبار کرنے والوں سے بغیر پرچی لاکھوں روپے روزانہ وصول کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ TMC کورنگی میں مبینہ طور پر بااثر افراد اس پورے نظام کے ماسٹر مائنڈ بتائے جا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رفیق لاکھو اور وقار لودھی کی مبینہ سرپرستی میں ایاز، اللہ داد، ذیشان شیخ اور دیگر افراد مختلف علاقوں میں ٹھیلے پتھاروں سے یومیہ بھتہ وصول کرتے ہیں۔ ہر ٹھیلے سے تقریباً 300 روپے روزانہ وصول کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرین بیلٹس، جو سڑکوں کو خوبصورت بنانے، پھولوں کے پودے لگانے اور صفائی کے لیے مختص ہوتی ہیں، انہیں بھی مبینہ طور پر ٹھیلے پتھاروں کے لیے ٹھیکے پر دے دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہری سہولیات بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

مزید انکشافات میں کہا گیا ہے کہ رفیق لاکھو، جو مبینہ طور پر TMC کورنگی میں اہم ذمہ داری رکھتے ہیں، انکروچمنٹ کے نام پر پہلے تجاوزات قائم کرواتے ہیں، بعد ازاں مبینہ سیٹنگ کے ذریعے انہیں دوبارہ اجازت دلوا دی جاتی ہے اور پھر روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصولی کے لیے ٹیم متحرک کر دی جاتی ہے۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر قانونی تجاوزات اور مبینہ بھتہ خوری کے خلاف شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ قانون کی بالادستی قائم ہو اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *