برطانوی پولیس نے سابق شہزادہ اینڈریو کو حراست میں لے لیا: رپورٹس
لندن(بولونیوز) برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم کے بھائی سابق شہزادہ پرنس اینڈریو کو سرکاری عہدے میں مبینہ بدانتظامی اور بدعنوانی کے شبے میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔الزامات یہ ہیں کہ اینڈریو نے بطور برطانوی تجارتی نمائندہ حساس سرکاری معلومات مجرم جیفری جیفری ایپ اسٹائن کے ساتھ شیئر کیں۔
تھیمز ویلی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ نارفک سے تعلق رکھنے والے ایک ساٹھ سالہ مرد کو عوامی عہدے میں بدانتظامی کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ برکشائر اور نارفک میں واقع رہائش گاہوں پر تلاشی جاری ہے۔ برطانوی قوانین کے تحت پولیس نے ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم فراہم کردہ تفصیلات سابق شہزادہ اینڈریو سے متعلق الزامات سے مطابقت رکھتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار جمعرات کی صبح سینڈ رِنگھم اسٹیٹ میں موجود رہائش گاہ پر بھی پہنچے، جہاں اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر اس وقت مقیم ہیں۔
سابق شہزادہ اینڈریو کے جیفری ایپ اسٹائن کے ساتھ تعلقات پہلے ہی عالمی سطح پر زیرِ بحث رہے ہیں اور گزشتہ برس انہیں شاہی عہدوں سے محروم بھی کیا جا چکا ہے۔ حالیہ تحقیقات میں سامنے آنے والی دستاویزات میں ای میلز شامل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوبی ایشیا کے دوروں سے متعلق سرکاری رپورٹس ایپ اسٹائن کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
ادھر بکنگھم پیلس کی جانب سے 9 فروری کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر پولیس رابطہ کرے تو پیلس مکمل تعاون کرے گا۔ بیان کے مطابق کنگ چارلس سوم نے الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید پیش رفت قانونی تقاضوں کے مطابق کی جائے گی۔


