سری لنکا کی پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی درخواست
کولمبو(بولونیوز) سری لنکا نے پاکستان سے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرے۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے اس حوالے سے پی سی بی کو خط ارسال کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہائی پروفائل میچ کی ممکنہ منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سری لنکا کرکٹ حکام کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شائقینِ کرکٹ میں غیر معمولی دلچسپی رکھتا ہے اور اس کی منسوخی نہ صرف تجارتی بلکہ کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے بھی نقصان دہ ثابت ہوگی۔
تاہم اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔


