دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، سہیل آفریدی
پشاور(بولونیوز) صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں صوبائی وزرا، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور افواجِ پاکستان ایک پیج پر ہیں اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، انٹیلی جنس شیئرنگ اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو مضبوط کرنے پر بھی اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی علاقوں میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔


