مردانہ حلیہ بنا کر چوریاں کرنے والی دو لڑکیاں گرفتار
نئی دہلی/بنگلورو(بولونیوز) بھارت میں پولیس نے مردانہ حلیہ اختیار کر کے چوریاں کرنے والی دو لڑکیوں کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بنگلورو کا ہے، جہاں گرفتاری سے بچنے کے لیے دونوں لڑکیاں فلمی انداز میں مردوں کا روپ دھار کر وارداتیں انجام دے رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق شالو اور نیلو نامی لڑکیاں ایک رکشہ ڈرائیور کے گھر چوری میں ملوث پائی گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رکشہ ڈرائیور کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گیا ہوا تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں لڑکیوں نے گھر میں گھس کر قیمتی سامان چوری کیا اور موقع سے فرار ہو گئیں۔
پولیس سے بچنے کے لیے ملزمان نے مردوں جیسے کپڑے اور حلیہ اختیار کیا ہوا تھا۔ چوری کا علم ہونے پر رکشہ ڈرائیور نے مقدمہ درج کروایا، جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات شروع کیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ملزمان مردوں جیسی دکھائی دے رہی تھیں، تاہم واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر ملنے پر پولیس کو ان کا سراغ مل گیا۔ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دونوں لڑکیوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


