شاہبور پولیس کی بروقت کارروائی، خاتون کو زہریلا کیمیکل پلانے کا مقدمہ درج
اوکاڑہ(بولونیوز) اوکاڑہ کے علاقے 44 ٹو ایل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو تنازع کے دوران شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی ارشاد بی بی کو باتھ روم کلینر کیمیکل پلا دیا، جس سے خاتون کی حالت تشویشناک ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی شاہبور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر اور ساس کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم کیس کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کیس کو حقائق اور میرٹ پر حل کیا جائے گا، کسی بھی ملزم کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے والد امانت علی کی مدعیت میں قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔شاہبور پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


