کراچی کےتمام ڈسٹرکٹ میں ریجنل ڈائریکٹرزکی نگرانی میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ،بلدیاتی اداروں کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی،کراچی سمیت سندھ بھر کے ریجنل دفاتر کو فعال کردیا گیا، مانیٹرنگ کیلئے ہر ڈسٹرکٹ میں تین تین اسسٹنٹ ڈائریکٹر پر مشتمل ٹیمیں تعینات،اسپیشل سیکریٹری ہائوسنگ وٹائون پلاننگ تمام بلدیاتی اداروں اورمانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کاجائزہ لینگے،میونسپل سروسز،جنرل اورانفراسٹرکچرکے شعبوں کیلئے علیحدہ علیحدہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز مقرر کئے گئے ہیں،وزیر بلدیات کی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ نے ریجنل ڈائریکٹریٹ کے افسران کو فعال کرنے افسران کی ذمہ داروں کے حوالے سے حکمنامہ بھی جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں اصلاحاتی عمل کا آغاز محکمہ بلدیات سندھ سے کردیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے کے 30 اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں نہ صرف تشکیل دیدی ہیں بلکہ انہیں فعال بھی کردیا ہے،دستاویزات کے مطابق ہر ڈسٹرکٹ میں گریڈ17 کے تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تعینات کئے گئے ہیں جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل سروسز جو کہ صفائی ستھرائی ،فراہمی ونکاسی آب کے مسائل ،اسٹریٹ لائٹس کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو مانیٹر کرینگے اور عوامی مسائل کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرینگے،جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل لوکل کونسلز میں ایڈ منسٹریشن اور فنانشل مسائل کے حوالے سے مانیٹرنگ کا ذمہ دار ہوگا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفراسٹرکچر لوکل کونسل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی بروقت انجام دہی ،ترقیاتی کاموں کے معیار ودیگر مسائل کے حوالے سے مانیٹرنگ کرنے کا ذمہ دار ہوگا اور اس حوالے سے صوبے بھر کے ریجنل ڈائریکٹر ز کو مانیٹرنگ ٹیمیں پابندی کے ساتھ رپورٹ جمع کرائینگی جبکہ ریجنل ڈائریکٹر ز اسپیشل سیکریٹری ہائوسنگ وٹائون پلاننگ محمد علی شاہ کو مذکورہ مسائل اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹ جمع کرائینگے، کراچی کے 7 ڈسٹرکٹ میں بھی مذکورہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ٹیموں کو فعال کردیا گیا ہے،اس حوالے سے اسپیشل سیکریٹر ہائوسنگ وٹائون پلاننگ سید محمد علی شاہ نے رابطہ کرنے پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی سندھ اور وزیر بلدیات کی ہدایت پر مانیٹرنگ ٹیموں کو فعال کیا گیا ہے جس سے وہ کام جو کہ متعلقہ اداروں کے کوآرڈنیشن نہ ہونے کے باعث التواء کا شکار ہوجاتے تھے اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی متاثر ہورہی تھی اسے دور کیا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف ڈسٹرکٹ میں وہ خود بھی اچانک دورے کررہے ہیں اور گذشتہ دنوں ضلع سائوتھ،ضلع شرقی کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں پہلے بھی تھیں تاہم انہیں فعال کرکے فیلڈ میں لایا گیا ہے اور انہیں مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں جس کے اچھے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔


