ایس ایس یو کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 جاری، دہشت گردی، ہنگامی سیکیورٹی میں شاندار کارکردگی
کراچی(بولونیوز)ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کی قیادت میں ایس ایس یو (سپیشل سیکیورٹی یونٹ) کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 جاری کر دی گئی، جس میں یونٹ کی شاندار آپریشنل اور عوامی خدمات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایس یو SWAT نے دہشت گردوں کے خلاف متعدد مشترکہ آپریشنز میں حصہ لیا، آتشزدگی اور عمارت گرنے کے واقعات میں فوری ریسکیو آپریشنز کیے، اور حساس شخصیات کے 1400 دوروں اور موومنٹ کے دوران جامع سیکیورٹی فراہم کی۔
سندھ بھر میں اہم اور بڑی تقریبات کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جن میں 42 بڑی ثقافتی اور مذہبی تقریبات، کرکٹ ایونٹس، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، ٹرائی نیشن سیریز اور پی ایس ایل-10 کے میچز شامل ہیں۔ حساس مقامات پر اسنائپرز اور SWAT ٹیم کی اسٹریٹجک ڈپلائمنٹ بھی کی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کندھ کوٹ-گھوٹکی پل کی تعمیر کے دوران ایس ایس یو کمانڈوز نے چوبیس گھنٹے سیکیورٹی فراہم کی، اور دیگر سرکاری اداروں کو تربیت بھی دی گئی۔ ایس ایس یو کمانڈوز نے کاؤنٹر ٹیررازم، وی وی آئی پی پروٹیکشن اور سوئمنگ کورسز میں جدید تربیت حاصل کی، اور تیسری پولیس ایکسٹریم ہینڈگن چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد بھی کیا، جس میں چار کیٹیگریز میں ملک بھر کے شرکاء نے حصہ لیا۔ فاتحین کو میڈلز، نقد انعامات اور اسناد بھی دی گئیں۔
اسی طرح سندھ پولیس گیمز 2025 میں ایس ایس یو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 9 ٹرافیاں اپنے نام کیں۔ کمانڈوز نے حساس دفاتر میں فرضی مشقوں کا کامیاب انعقاد کیا اور ہنگامی و دہشت گردی کی صورتحال میں مؤثر ردعمل کی تربیت فراہم کی۔ طلباء کے لیے سیلف ڈیفنس اور H.E.A.T ٹریننگ سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔
شدید بارشوں کے دوران ایس ایس یو کے اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ نے عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ایس ایس یو ٹیم نے دبئی پولیس کے UAE SWAT چیلنج 2025 میں بھی شرکت کی جبکہ آئی پی او پاکستان وفد نے بین الاقوامی آئی پی او کانگریس مالٹا میں حصہ لیا۔ سال بھر مختلف وفود نے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔


