پی آئی اے کی نجکاری: عارف حبیب کنسورشیم نے 115 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دی
اسلام آباد(بولونیوز) قومی ائیر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کے پہلے مرحلے میں عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے زیادہ 115 ارب روپے کی بولی دے دی ہے۔
مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، اور حکومت کا مقصد اسے بیچنا نہیں بلکہ مضبوط اور پائیدار بنانا ہے۔ نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور قومی ایئرلائن کو دوبارہ بہترین معیار پر لایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نجکاری میں قومی ایئرلائن کے 75 فیصد شیئرز کی بولی کی گئی ہے اور حاصل شدہ رقم کا 92.5 فیصد پی آئی اے کی بہتری اور ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ بولی کے بعد دو تہائی رقم فوری اور باقی ایک تہائی بعد میں ادا کی جائے گی، اور بولی دینے والے گروپ کو دو پارٹیز کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
بولی کے پہلے مرحلے میں دیگر بولیوں میں لکی سیمنٹ نے 101.5 ارب روپے کی بولی دی جبکہ آئیربلیو نے 26.5 ارب روپے کی بولی دی۔
عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے زیادہ بولی دے کر پی آئی اے کی نجکاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔


