سرکاری کالجوں کے اساتذہ کی ای مارکنگ میں ناکامی، 19 ہزار طالب علم 6 ماہ سے رزلٹ کے منتظر

کراچی(بولونیوز)کراچی کے سرکاری کالجوں کے اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے انٹرمیڈیٹ کی سطح پر متعارف کرائے گئے “ای مارکنگ سسٹم” کو عملی طور پر ناکام بنا دیا ہے، جس کے باعث تقریباً 19 ہزار طالب علم چھ ماہ سے اپنا نتیجہ حاصل کرنے سے محروم ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، انٹر سال اول کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں ریاضی کے مضمون کی ای مارکنگ ہونا تھی، لیکن شہر کے کم از کم 44 کالجوں کے اساتذہ نے اب تک ایک بھی سوال کی ای مارکنگ نہیں کی، جس کی وجہ سے پورا رزلٹ رک گیا ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی پروفیسر قاضی ارشد نے کالج پرنسپلز کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ تقریبا 1 لاکھ 80 ہزار امتحانی سوالات کی ای اسسمنٹ ہونی تھی، جن میں سے صرف تقریباً 40 ہزار سوالات کی مارکنگ مکمل ہوئی ہے، جبکہ باقی 1 لاکھ 40 ہزار سوالات کی مارکنگ باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق اساتذہ ای مارکنگ سے اس لیے گریز کر رہے ہیں کہ بورڈ کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایک سوال کی اسسمنٹ کے بدلے انہیں کتنی رقم دی جائے گی۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ 22 کاپیوں کا ایک پیکٹ وہ ایک گھنٹے میں مینول اسسمنٹ کر لیتے ہیں، جبکہ ای مارکنگ میں وقت زیادہ لگتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ نے 4 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ آئندہ سالانہ امتحانات 2026 سے سائنس کے تمام مضامین کی ای مارکنگ کی جائے گی، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر ایسا لگتا ہے کہ آئندہ برس بھی ای مارکنگ میں مشکلات رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *