توشہ خانہ ٹو کیس، بانی پی ٹی آئی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا عندیہ

راولپنڈی(بولونیوز)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے توشہ خانہ ٹو کیس کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان آج بھی مسکرا رہے تھے اور فیصلے پر بلکل حیران نہیں تھے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی نے ہدایت کی ہے کہ ان کے اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ رات آٹھ بجے تمام لیگل ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ صبح نو بجے کیس پر کارروائی ہوگی، لیکن وہ اس فیصلے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔

ان کے مطابق، 16 اکتوبر کو جج نے کیس کو ایڈجرن کیا تھا تاکہ دلائل مکمل ہوں، نہ کہ فیصلہ سنایا جائے، تاہم جج نے وکلاء کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا اور 59 صفحات پر مبنی تحریری فیصلہ پیش کیا گیا۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے اسے “غیر قانونی اقدام” قرار دیا۔

وکیل کے مطابق عمران خان کو جیل میں سخت پہرہ دیا گیا اور ملاقات کے لیے صرف چند منٹ دستیاب تھے، مگر بانی کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیگل ٹیم اپنا کام جاری رکھے گی اور تمام مقدمات پر قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *