ازبکستان کے سفیر کی وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(بولونیوز) ازبکستان کے سفیر عالی جناب الیشر تُختایف نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتِ دفاع کےمطابق وزیرِدفاع نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو تاریخی، ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان باہمی فائدے کے مختلف شعبوں، خصوصاً دفاعی تعاون میں، ازبکستان کے ساتھ مزید شراکت داری کا خواہاں ہے۔
ازبکستان کے سفیر الیشر تُختایف نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے ازبک عوام اور حکومت کی بھرپور وابستگی کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔


