کراچی بندرگاہ پر پھنسے پرانے کنٹینرز ہٹانے کے لیے 30 دن کی مہلت
کراچی(بولونیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی بندرگاہ پر طویل عرصے سے پھنسے ہوئے پرانے کنٹینرز کو ہٹانے کے لیے 30 روزہ مہلت دے دی ہے۔ اس سلسلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ٹرمینل آپریٹرز سے فوری طور پر شفٹنگ پلان طلب کر لیا گیا ہے۔
اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ علاقائی صورتحال کے باعث ٹرانس شپمنٹ کارگو میں اضافے کے پیشِ نظر بندرگاہوں پر رش کم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے آف ڈاک ٹرمینلز پر کارگو کی منتقلی کا واضح اور مؤثر کمرشل میکنزم تشکیل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ غیر استعمال شدہ آلات، اضافی سامان اور لکڑی کے پیلیٹس کو فوری طور پر بندرگاہی علاقوں سے ہٹایا جائے تاکہ لاجسٹکس کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے تمام آف ڈاک سہولیات اور کارگو کا مکمل اور شفاف ریکارڈ رکھنے پر بھی زور دیا، تاکہ تجارتی سرگرمیوں میں آسانی اور روانی پیدا ہو سکے۔


