دلہن کو ہوائی فائرنگ مہنگی پڑ گئی، راولپنڈی میں کارروائی
راولپنڈی(بولونیوز) شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنا دلہن کو مہنگا پڑ گیا۔ راولپنڈی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دلہن کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے میں ملوث دولہا فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ مندرہ کی حدود میں واقع گوہڑہ میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران دلہن نے ہوائی فائرنگ کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار دلہن کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کے خلاف مقدمہ اے ایس آئی وسیم اختر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ عوامی مقامات اور تقریبات میں ہوائی فائرنگ ناقابلِ قبول اور قابلِ سزا جرم ہے، جبکہ فرار دولہا کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


