عراق میں امریکی ری فیولنگ طیارہ مار گرانے کی ذمہ داری قبول

بغداد(بولونیوز)اسلامک رزیسٹینس عراق نےعراق میں امریکی ری فیولنگ طیارہ مارگرانے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔عراقی تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی کے سی 135 ری فیولنگ طیارے کو عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ غیر ملکی فوجی طیاروں کی عراقی فضائی حدود میں موجودگی ناقابلِ قبول ہے اور اس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ امریکی فوج کے مرکزی کمانڈ سینٹ کام نے بھی عراقی حدود میں امریکی طیارہ گرنے کی تصدیق کی تھی۔ سینٹ کام کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

امریکی حکام کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا یا اسے حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دفاعی مبصرین کے مطابق عراق میں امریکی مفادات پر حملوں کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی علامت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *