اسرائیل کا ایران پر پیشگی حملے کا اعلان، ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ
اسرائیل(بولونیوز)وزیرِ دفاع اسرائیل کاتز نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے ایران پر پیشگی حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں یا دنوں میں اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں کا خدشہ ہے، جس کے پیشِ نظر ملک بھر میں خصوصی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
اسرائیل کاتز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ خطے میں کشیدگی میں شدید اضافے کے بعد عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔


