گلستانِ جوہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، تجاوزات مسمار

کراچی(بولونیوز)سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں 2022 کی آئینی پٹیشن نمبر 6231 کے تحت ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے گلستانِ جوہر بلاک 11، اسکیم 36 میں کمرشل پلاٹ نمبر ایس بی 3/1 پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔

آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل صدیقی نے کی، جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے تجاوزات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔ کارروائی کی براہِ راست نگرانی ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے کی، اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے میں بھرپور معاونت فراہم کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تجاوزات کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری سہولیات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ ترقیات کراچی شہر کو اس کی اصل منصوبہ بندی کے مطابق بحال کرنے کے لیے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گا۔

کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال، ایس ڈی پی او گلشن اقبال، ایس ایچ او شاہراہ فیصل، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ عارف احمد، فیصل احمد، ثناء اللہ شیخ، رحمت شاہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *